دنیا
Time 30 نومبر ، 2021

سعودی عرب نے پاکستان سمیت 17 ممالک کے شہریوں کیلئے خوشخبری سنادی

سعودی حکام کے مطابق فی الحال 17 ممالک کے مخصوص شرائط پر پورے اترنے والے شہریوں کے ویزوں میں 31 جنوری تک توسیع کی جارہی ہے— فوٹو: فائل
سعودی حکام کے مطابق فی الحال 17 ممالک کے مخصوص شرائط پر پورے اترنے والے شہریوں کے ویزوں میں 31 جنوری تک توسیع کی جارہی ہے— فوٹو: فائل

سعودی عرب نے پاکستان سمیت 17 ممالک کے شہریوں کو خوشخبری سنائی ہے کہ ان ممالک کے شہری ویزہ کی مفت تجدید کی پالیسی سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

سعودی عرب کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس (جوازات) کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ حکومتی پالیسی سے 17 ممالک کے شہری مستفید ہوسکیں گے اور ان ممالک کے مخصوص شہریوں کے اقامہ (رہائشی اجازت نامہ) ، ایگزٹ اور ری اینٹری ویزہ اور وزٹ ویزہ کی مفت تجدید کی جا رہی ہے۔ 

ان ممالک میں پاکستان، انڈونیشیا، بھارت، ترکی، لبنان، مصر، برازیل، ایتھوپیا، ویتنام، افغانستان، جنوبی افریقا، زمبابوے، نمیبیا، موزمبیق، بوٹسوانا، لیسیتھو  اور ایسواتینی (سوازی لینڈ) شامل ہیں۔

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی ہدایات کی روشنی میں سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے ان 17 ممالک کے شہریوں کے اقامہ، ایگزٹ و ری انٹری اور وزٹ ویزہ کی معیاد میں از خود 31 جنوری 2022 تک اضافہ کرنا شروع کردیا ہے اور اس مد میں ان سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

لیکن یہ سہولت ان تارکین وطن کیلئے نہیں ہے جو سعودی عرب سے باہر جانے سے قبل مملکت میں اپنی ویکسینیشن مکمل کرواچکے ہیں لہٰذا ان افراد کے ایگزٹ اور ری انٹری ویزہ کی معیاد میں مفت توسیع نہیں کی جائے گی۔

سعودی شاہ سلمان کی جانب سے جاری فرمان میں حکام کو ہدایات دی گئی ہیں کہ ان تمام افراد کے بھی وزٹ ویزہ کی معیاد میں بغیر کسی چارجز 31 جنوری 2022 تک توسیع کردی جائے جنہیں وزارت خارجہ ویزے جاری کرچکی ہے لیکن وہ کورونا وبا کی وجہ سے مملکت کا سفر نہیں کر پارہے یا ان ممالک کے شہری ہیں جو کورونا کی وجہ سے سفری پابندیوں کی زد میں ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق فی الحال 17 ممالک کے مذکورہ شرائط پر پورے اترنے والے شہریوں کے ویزوں میں 31 جنوری تک توسیع کی جارہی ہے جس کے بعد حالات کا جائزہ لے کر آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

مزید خبریں :