Time 01 دسمبر ، 2021
پاکستان

سندھ میں خلاف ضابطہ تعمیرات کو ریگولرائز کرنے کا قانون تیار کرلیا، مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں خلاف ضابطہ تعمیرات کو  ریگولرائزکرنے کا قانون تیار کرلیا گیا ہے، امید ہےگورنر سندھ آرڈیننس کی منظوری دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آرڈیننس آنے کے بعد سندھ میں انسداد تجاوزات مہم کو روکا جائےگا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو نسلہ ٹاور پر کھڑے ہو کر پریس کانفرنس کرتے ہیں انہوں نے اسمبلی سے راہ فرار اختیار کرلی۔

انہوں نے کہا کہ  پنجاب میں جس طرح یہ قانون آیا ہے اسی طرح کا سندھ میں ہے، صرف ایک پیرا شامل کیا گیا ہے کہ اینٹی انکروچمنٹ ڈرائیو کو فوری طور روک دیا جائے جب تک کمیٹی فیصلہ نہیں کرتی، ریٹائرڈ جج ریگولرائز کمیشن کا سربراہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے وہ لوگ جو ایک پاکستان کی بات کرتے ہیں ان کے قول و فعل میں تضاد نہیں ہوگا، وہ لوگ اس پر سیاسی رسہ کشی نہیں کریں گے، امید ہے ہم اس آرڈیننس کو اسمبلی سے پاس بھی کروائیں گے۔

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون سے متعلق اعتراضات پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کیا الیکٹڈ میئر کو با اختیار بنانا غلط ہے؟ متوازن قانون لائے ہیں، بہتری کےلیے بیٹھ کر بات ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی اچھے آدمی ہیں،  یہ وہ کراچی نہیں کہ مصطفیٰ کمال اب دھمکی آمیز  لہجہ اختیار کریں۔

مزید خبریں :