01 دسمبر ، 2021
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ قانون بن چکا ہے جس کے تحت آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم ) سے ہی ہوں گے ، اب اپوزیشن کی مرضی ہے وہ عدالت جانا چاہتی ہے یا کہیں اور۔
ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین ایف بلاک راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر الیکشن کے بعد دھاندلی کا رونا شروع ہو جاتا تھا، اب بھی دھاندلی کا رونا ہوگا، یہ انتخابات سے پہلے بھی ہوسکتا ہے ۔
شیخ رشید نے کہاکہ میرے مطابق پنجاب کے 40 جبکہ ملک بھر میں تقریبا 80 ایسے حلقے ہیں جہاں اوور سیز پاکستانیوں کا ووٹ انتخابی نتائج بدل کر رکھ دے گا اور جب وہ لوگ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو ووٹ دینگے تو یہ پھر کہیں گے کہ دھاندلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون بن چکا ہے جس کے تحت آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ہی ہوں گے اب اپوزیشن کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ عدالت جانا چاہتی ہے یا نہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی بنا کسی شرط کے آئی ایم ایف سے زیادہ پیسے ملک میں بھجواتے ہیں انہیں ووٹ کا حق حاصل ہونا چاہیے اور یہ حق انہیں عمران خان نے دیا ہے جبکہ تبلیغی جماعت کے آن لائن ویزوں میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔
شیخ رشید نے مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ہے اس میں کوئی شک نہیں اس کا حل تلاش کرنا ہے البتہ تنخواہ دار طبقے کیلئے زیادہ مشکلات ہیں جبکہ سعودی قرض سے پاکستان کی اکانومی میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں پنڈی سے باہر جانا ہی نہیں چاہتا ،عمران خان نے کئی دفعہ کہا وزرا بیرون ممالک زیادہ دوروں پر نہ جائیں لیکن میں ان وزرا میں شامل نہیں ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ 6 مہینے بعد بلدیاتی الیکشن ہونے ہیں پھر الیکشن کا ڈھول بجے گا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بھائی کی تعزیت کیلئے فون کیا تھا جو ہماری روایات ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی کے تمام تعلیمی اداروں میں جلد ایوننگ شفٹ بھی شروع کریں گے اور جلد ہی راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔