دنیا
Time 02 دسمبر ، 2021

دنیا کے 10 مہنگے ترین شہر کونسے ہیں ؟ نئی لسٹ سامنے آگئی

اسرائیلی شہر تل ابیب کو رہنے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے مہنگا شہر قرار دیا گیاہے— فوٹو: فائل
 اسرائیلی شہر تل ابیب کو رہنے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے مہنگا شہر قرار دیا گیاہے— فوٹو: فائل 

عالمی سطح پر رہن سہن پر آنے والی لاگت کا جائزہ لینے والے ادارے دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) نے دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی فہرست جاری کردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ای آئی یو کے سروے میں اسرائیلی شہر تل ابیب کو رہنے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے مہنگا شہر قرار دیا گیاہے جبکہ اس فہرست میں پیرس اور سنگاپور مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی شہر گزشتہ سال کے سروے میں پانچویں نمبر پر موجود تھا۔

اس کے علاوہ پچھلے سال، پیرس، زیورخ اور ہانگ کانگ نے ای آئی یو سروے میں مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی ۔

فوٹو: دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ
فوٹو: دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ

تا ہم اس سال دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں زیورخ اور ہانگ کانگ چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ نیویارک چھٹے ،جنیوا ساتویں ،کوپن ہیگن آٹھویں، لاس اینجلس نویں اور اوساکا دسویں نمبر پرہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس فہرست کو مرتب کرتے وقت 173 شہروں میں مصنوعات و خدمات پر آنے والے اخراجات کا جائزہ لیا گیا ہے اور ان قیمتوں کا موازنہ امریکی ڈالر میں کیا گیا ہے۔

اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے مطابق رواں سال اگست اور ستمبر میں جو ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقامی کرنسی کے لحاظ سے قیمتوں میں اوسطاً 3.5 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ پانچ سالوں میں مہنگائی کی تیز ترین شرح  ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی شہر تل ابیب کا مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آنا بنیادی طور پر ڈالر کے مقابلے میں اسرائیل کی کرنسی شیکل کی بڑھتی ہوئی قدر کو ظاہر کرتا ہے۔

ای آئی یو سروے رپورٹ  میں مزید بتایا گیا ہے کہ  تل ابیب ٹرانسپورٹ کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا اور سیرو تفریح  کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا مہنگا ترین شہر ہے۔

اس کے علاوہ سروے رپورٹ کے مطابق شام کا شہر دمشق اس سال بھی رہائش کے لیے دنیا کا سب سے سستا ملک ہے۔

مزید خبریں :