02 دسمبر ، 2021
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کراچی اور لاہور سمیت 40 بڑے شہروں میں غیرمنقولہ جائیداد کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق غیر منقولہ جائیدادوں میں کمرشل اور رہائشی اپارٹمنٹس، فلیٹس اور دیگر پراپرٹیز شامل ہیں۔ اس سے قبل ایف بی آر نے 20 شہروں کی غیر منقولہ جائیدادوں کی قیمتیں مقرر کر رکھی تھیں۔
ایف بی آر کے مطابق قیمت بڑھانے کا مقصد رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کرنا ہے۔
غیرمنقولہ جائیدادوں کی قیمتیں بڑھنے والے شہروں میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، راولپنڈی، حیدرآباد، رحیم یار خان، سرگودھا، گوادر، لاڑکانہ اور دیگر شہر شامل ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق اعلامیے کے مطابق کراچی میں ہر اضافی اسٹوری پر 25 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے، اسلام آباد کے سیکٹر ای سیون میں زمین کی قیمت ڈھائی لاکھ روپے فی مربع گز جبکہ سیکٹر ایف سکس میں زمین کی قیمت 2 لاکھ روپے فی مربع گز مقرر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سیکٹر ایف سیون میں زمین کی قیمت ساڑھے 3 لاکھ فی مربع گز جبکہ ای الیون میں زمین کی قیمت ایک لاکھ 10 ہزار روپے فی مربع گز مقرر کی گئی ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں زمین کی قیمت2 لاکھ فی مربع گز مقرر اور بلیو ایریا میں دکان کی قیمت 6 لاکھ 80 ہزار 420 روپے فی مربع فٹ مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب سیکریٹری جنرل ریکا احسن ملک کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کا پراپرٹی کی قیمت میں یک طرفہ اضافہ مسترد کرتے ہیں، ایف بی آر کو کو متعدد خطوط لکھے مگر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔