پاکستان
Time 02 دسمبر ، 2021

متحدہ اپوزیشن کا پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی اِن کیمرہ بریفنگ کے بائیکاٹ کا اعلان

متحدہ اپوزیشن نے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی اِن کیمرہ بریفنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

 متحدہ اپوزیشن نے مشاورت کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق پارلیمان کو مسلسل نظر انداز کرکے ان کیمرہ بریفنگ سے معاملات چلائے جا رہے ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم مشاورت کی جمہوری روح  اور فیصلہ سازی میں آرا کی اہمیت سے نابلد ہیں، ایسےحالات میں اِن کیمرہ بریفنگ کسی نئے حکومتی تماشے کی راہ ہموار کرے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ اپوزیشن سمجھتی ہےکہ قومی سلامتی کے مشیر فیصلہ سازی سے محروم اور محض نمائشی کردار ہیں، اپوزیشن جماعتوں نے قومی سلامتی امور پر ذمہ دارانہ قومی طرز عمل کا مظاہرہ کیا۔

اعلامیےکے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے قومی سلامتی اور اہم قومی معاملات پر بریفنگز اور اجلاسوں میں بھرپور شرکت کی، متحدہ اپوزیشن کے قائدین اور  پارلیمانی لیڈرز  نے اپنی تجاویز  بھی دیں، اپوزیشن نے مشترکا اجلاس میں مسودات قانون کو بلڈوز کرنےکے حکومتی رویےکی بنا پربائیکاٹ کافیصلہ کیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہےکہ حکومت پارلیمان کو ربر اسٹیمپ کے طورپر استعمال کرنے کا وتیرہ اپنائے ہوئے ہے، پارلیمان میں اہم داخلی وخارجی، قومی اور عوامی امور کو لایا نہیں  جا رہا، حکومت نےعملاً پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم مقبوضہ جموں وکشمیر سمیت اہم ترین قومی معاملات پر بھی اجلاسوں میں شریک نہیں ہوئے۔

مزید خبریں :