پاکستان
Time 03 دسمبر ، 2021

سینیٹ کی نشست پر الیکشن 20 دسمبر کو ہوگا، شوکت ترین سمیت 4 امیدوار کے کاغذات جمع

این پی کے شوکت امیرزادہ، پیپلزپارٹی کے محمد سعید اور جے یو آئی ف کے امید وار ظاہر شاہ نے سینٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں / فائل فوٹو
این پی کے شوکت امیرزادہ، پیپلزپارٹی کے محمد سعید اور جے یو آئی ف کے امید وار ظاہر شاہ نے سینٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں / فائل فوٹو

خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی خالی ہونے والی نشست پر پولنگ 20 دسمبر کو  ہوگی جس کے لیے  مشیرخزانہ شوکت ترین سمیت 4 امید واروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ۔

الیکشن کمیشن پشاور کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے مشیر خزانہ شوکت ترین ، این پی کے شوکت امیرزادہ، پیپلزپارٹی کے محمد سعید اور جے یو آئی ف کے امید وار ظاہر شاہ نے سینٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ 3 دسمبر کو کاغذات جمع کرنے والے امیدواروں کی فہرست جاری ہوگی،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 6 دسمبر کو مکمل کی جائے گی جب کہ کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 8 دسمبر تک داخل کی جاسکتی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مقررہ ٹریبونل اپیلوں پر فیصلہ 10 دسمبر تک کرے گا ، جب کہ 11 دسمبر کو امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی، امیدوار اپنے کاغذات 13 دسمبر تک واپس لے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مشیر خزانہ شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے لیے کے پی سے سینیٹر ایوب آفریدی نے اپنی نشست سے استعفیٰ دیا۔

مزید خبریں :