03 دسمبر ، 2021
کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال شدت اختیار کر گئی ہے جبکہ پنجاب اور اسلام آباد کے ینگ ڈاکٹرز بھی معاملے میں کود پڑے ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے اپنے مطالبات کے حق میں صوبے میں شروع ہونے والی 10 روزہ کورونا ویکسی نیشن مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
ویکسی نیشن مہم کے بائیکاٹ کا اعلان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ مندوخیل نے وائی ڈی اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر مد ثر نواز اور اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر فیض اچکزئی کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر حفیظ مندوخیل کا کہنا تھا کہ جمعہ کو 2 بجے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کا احتجاجی مظاہرہ ہوگا جو شہر کی شاہراہوں سے ہوتا ہوا دوبارہ سول اسپتال پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی تک ایمرجنسی سروسز کے بائیکاٹ کا فیصلہ نہیں کیا ہےلیکن ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہم ایسا کرنے پر مجبور ہوں گے۔
دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب اور اسلام آباد کے صدور نے بھی احتجاج کی دھمکی دے دی۔
ینگ ڈاکٹرز پنجاب کے صدر ڈاکٹر مدثر نواز نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز نے آج بلوچستان کے ڈاکٹرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بازو پر سیاہ پٹیاں باندھی ہیں اگر ہماری بات نہ مانی گئی تو پنجاب میں او پی ڈیز سروسز بند کردیں گے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اسلام اباد کے صدر ڈاکٹر فیض اچکزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کل سے اسلام آباد میں بھی ٹوکن ہڑتال ہوگی۔