Time 03 دسمبر ، 2021
پاکستان

سیالکوٹ فیکٹری کے غیر ملکی منیجر کو مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر قتل کردیا گیا

اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے مشتعل ورکرز نے پریانتھا کمارا کو مار مار کر ادھ موا کیا، لاش کو گھسیٹ کر باہر چوک پر لے گئے پھر آگ لگا دی— فوٹو: سوشل میڈیا
اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے مشتعل ورکرز نے پریانتھا کمارا کو مار مار کر ادھ موا کیا، لاش کو گھسیٹ کر باہر چوک پر لے گئے پھر آگ لگا دی— فوٹو: سوشل میڈیا

سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر  فیکٹری ملازمین کےتشدد سے ہلاک ہوگیا۔

اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر  پریانتھا کمارا  پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا،  پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا،  مار مار کر ادھ موا کردیا۔

انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) عمرسعید ملک کے مطابق ملازمین نے الزام عائد کیا کہ منیجر نے ایک پوسٹر پھاڑ کر مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے جس کے بعد ملازمین نے فیکٹری میں ہجوم کی شکل اختیار کرلی۔

ڈی پی او عمر سعید ملک کے مطابق یہ واقعہ سیالکوٹ کے علاقے وزیر آباد روڈ پر پیش آیا۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ہجوم نے منیجر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور مارنے کے بعد لاش گھسیٹ کر جی ٹی روڈ پر لے گئے اورآگ لگادی، جی ٹی روڈ پرڈھائی گھنٹے تک ٹریفک بلاک رہی جسے بعد میں کھلوا دیا گیا۔ مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ  پھوڑ بھی کی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عمر سعید ملک کا کہنا ہے کہ غیر ملکی منیجر کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ 

مزید خبریں :