04 دسمبر ، 2021
معروف عالمِ دین مولانا طارق جمیل نے سیالکوٹ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناموسِ رسالت کی آڑ میں غیر ملکی کو زندہ جلادینے کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔
مولانا طارق جمیل نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا کہ'محض الزام کی بنیاد پر قانون ہاتھ میں لینا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ علماء کرام انتہا پسندی کو روکنے میں مثبت کردار ادا کریں۔
خیال رہے کہ سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا۔
مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگا دی، مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے۔