کھیل
Time 04 دسمبر ، 2021

ڈھاکا ٹیسٹ: خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم

پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے: کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم۔ فوٹو: آئی سی سی
 پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے: کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم۔ فوٹو: آئی سی سی

بنگلا دیش کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے تاہم خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل پورا نہ ہو سکا۔

ڈھاکا کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 59 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق 25 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور پھر 70 کے مجموعے پر عابد علی بھی 39 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے تھے کہ بارش اور خراب موسم کے باعث میچ روک دیا گیا۔

میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تو بابر اعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم پاکستان نے 57 اوورز میں 161 رنز اسکور کیے تھے کہ خراب موسم کے باعث میچ کو ایک بار پھر روک دیا گیا۔

خراب روشنی کے باعث امپائرز نے پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کرنے کا اعلان کیا تو بابر اعظم 60 اور اظہر علی 36 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا ہے، کوشش ہو گی کہ اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل سجایا جائے، اس پچ سے اسپنرز کو مدد ملے گی۔

دوسری جانب بنگلا دیشی ٹیم کے کپتان مومن الحق کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے، ٹیم آل راؤنڈر شکیب الحسن کی واپسی ہوئی ہے اور دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

ڈھاکا ٹیسٹ کیلئے پاکستانی ٹیم۔ فوٹو: پی سی بی
ڈھاکا ٹیسٹ کیلئے پاکستانی ٹیم۔ فوٹو: پی سی بی


مزید خبریں :