Time 05 دسمبر ، 2021
پاکستان

پریانتھا خوش اخلاقی سے ملتے، جھگڑالو نہیں تھے: محلے داروں کا بیان

پریانتھا صبح سویرے چہل قدمی کیا کرتے تھے۔ محلے دار—فوٹو فائل
پریانتھا صبح سویرے چہل قدمی کیا کرتے تھے۔ محلے دار—فوٹو فائل

سانحہ سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کی درندگی کی بھینٹ چڑھنے والے سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کے اخلاق اور دوسروں سے میل جول سے متعلق محلے دار وں کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔

پریانتھا کے محلے داروں نے بتایا کہ وہ ایک اچھے دِل کے مالک تھے اور  ہر کسی سے خوش اخلاقی سے ملتے تھے، وہ ایسے انسان بالکل نہیں تھے کہ کسی سے جھگڑا کریں۔

مقتول کے محلے داروں نے دل سوز واقعے پر اظہارِ افسوس کیا اور شدید الفاظ میں اس کی مذمت بھی کی، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پریانتھا صبح سویرے چہل قدمی کیا کرتے تھے۔

پسِ منظر

واضح رہے کہ دو روز  قبل 3 دسمبر کو سیالکوٹ کی اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کر دیا تھا۔

پریانتھا کمارا جان بچانے کے لیے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔ اس خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے اور مار مار کر جان ہی لے لی۔ اس کے بعد لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لےگئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔

مزید خبریں :