05 دسمبر ، 2021
کہا جاتا ہے کہ ٹی وی پر دکھایا جانے والا مواد انسان کی ثقافت اور ذہن پر گہرا اثر ڈالتے ہیں اور بھارت میں پیش آئے ایک واقعے نے اس بات کو سچ ثابت کر دکھایا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ میں مقیم بھارت سے تعلق رکھنے والے انجینئر شخص کی 35 سالہ اہلیہ نے کورونا کے خوف سے بھارتی ڈرامے کے کردار گوپی بہن کی طرح اپنے شوہر کے لیپ ٹاپ اور موبائل کو سرف سے دھو ڈالا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑے نے 2019 میں شادی کی تھی جس کے بعد دونوں انگلینڈ منتقل ہو گئے تھے جہاں شوہر نے ایک ٹیکنیکل کمپنی میں ملازمت شروع کر دی جبکہ اہلیہ کو گھر کی صفائی کا خبط سوار رہتا تھا۔
کورونا وبا کے باعث بیوی کی صفائی پسندی جنونیت کی کیفیت اختیار کرگئی جس کے پیش نظر خاتون گھر کی چھوٹی چھوٹی چیزوں سے لے کر برقی آلات بھی دھونے کی عادی ہوگئی۔
بیوی کی جنونی عادت سے بیزار ہوکر شوہر نے ڈاکٹرز سے بھی رابطہ کیا لیکن کاؤنسلنگ کے باوجود اس کی بیوی کی عادت ختم نہ ہو سکی۔
بعد ازاں خاتون کی والدہ کا انتقال ہوگیا جس کے بعد خاتون نے بچوں کو 30 دن کے لیے گھر کی مکمل صفائی کا کہہ کر باہر بھیج دیا اور شوہر کے مطابق خود دن میں 6، 6 بار غسل لینے لگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون او سی ڈی نامی دماغی بیماری میں مبتلا ہے جس سے بیزار شوہر طلاق کا مطالبہ لیے پولیس کے پاس پہنچ گیا ہے۔