05 دسمبر ، 2021
سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے سیالکوٹ واقعے کے بعد لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں شریک پاکستانی کرکٹرز اورکوچزکی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق پاکستان کے 9 کرکٹرزاورکوچنگ اسٹاف لنکا پریمیئرلیگ میں شرکت کررہا ہے جن میں محمدحفیظ، محمد عامر، شعیب ملک، وہاب ریاض، صہیب مقصود شامل ہیں۔
اس کے علاوہ انورعلی، محمد عرفان ،عثمان شنواری اوراحمد شہزاد کا بھی ایل پی ایل سے معاہدہ ہے۔
سری لنکا میں پاکستانی کھلاڑیوں اورکوچزکی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ سیالکوٹ واقعے کے بعد کیا گیا۔
خیال رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ آج سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں شروع ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ 3 دسمبر کو اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔
انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔