05 دسمبر ، 2021
سیالکوٹ میں فیکٹری ملازمین کے وحشیانہ تشدد سے سری لنکن منیجر کی ہلاکت کی تحقیقات میں تہلکہ خیز انکشاف سامنے آ رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق اتوار کی چھٹی کے باعث ڈیوٹی مجسٹریٹ سے گرفتار ہوئے 13 مرکزی ملزمان کا ایک دن کا عارضی ریمانڈ لیا جائے گا اور پیر کے روز ملزمان کو گوجرانوالہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے پولیس نے انکشاف کیا کہ منیجر پریانتھا کمارا پر حملہ کرنیوالے مشتعل ہجوم کے پاس پیٹرول کی بوتلیں بھی تھیں، انہیں قتل کرنے کے بعد ملزمان نے ان کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔
پولیس کے مطابق اہلکار فیکٹری میں داخل ہوئے تو ہجوم فیکٹری مالک شہباز بھٹی پر تشدد کر رہا تھا، لاش باہر نکالنے کے بعد ملزمان نے فیکٹری کو آگ لگانے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی تھی اور ہجوم نے پولیس پارٹی کو بھی پیٹرول پھینک کر آگ لگانے کی دھمکی دی تھی۔