Time 05 دسمبر ، 2021
پاکستان

سیالکوٹ واقعہ: پنجاب حکومت کا ملک عدنان کو انسانی حقوق کا ایوارڈ دینےکا اعلان

فوٹو: اسکرین شاٹ/ سوشل میڈیا
فوٹو: اسکرین شاٹ/ سوشل میڈیا

 پنجاب حکومت نے سیالکوٹ واقعے میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچانےکی جدوجہد کرنے والے ساتھی منیجر ملک عدنان کو انسانی  حقوق کا ایوارڈ دینےکا اعلان کیا ہے۔

پنجاب کے صوبائی وزیرانسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک عدنان کو 10دسمبرکو انسانی حقوق کےعالمی دن پر ایوارڈ دیا جائےگا۔

 اعجاز عالم کا کہنا ہےکہ ملک عدنان نے سری لنکن منیجرکو بچانےکی ہر ممکنہ کوشش کی، خوشی ہےکہ ملک عدنان نے انسانیت کی بہترین مثال قائم کی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پوری قوم کی جانب سے ملک عدنان کی بہادری اور شجاعت کو سلام پیش کرنا چاہتے ہیں، جنہوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر پریانتھا کمار کو مشتعل ہجوم سے بچانے کی کوشش کی۔

خیال رہےکہ پریانتھا کمارا کو بچانےکے لیے خود کی جان خطرے میں ڈالنے والے فیکٹری کے پروڈکشن منیجر ملک عدنان نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ وہ پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچاسکیں تاہم وہ ہجوم کی درندگی کو روکنے میں ناکام رہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملک عدنان جان ہتھیلی پر رکھ کر پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ہجوم کے تشدد کے وقت ملک عدنان نے پریانتھا کمارا کوکَور کیا ہوا تھا اور وہ خود مار کھاتے رہے اور اسے بچانےکی کوشش کر تے رہے، سوشل میڈیا پر بھی ملک عدنان کی بہادری اور انسان دوستی کے جذبے کی تعریف کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :