06 دسمبر ، 2021
سیالکوٹ میں درندگی اور سفاکیت کی بھینٹ چڑھنے والے سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کے بھائی نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے۔
سری لنکن خبر رساں ادارے کے مطابق پریانتھا کے بھائی نے پرزور انداز میں درخواست کی کہ ان کے بھائی پر ہونے والے تشدد اور ظلم کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنا بند کریں۔
مقتول کے بھائی نے اپنے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے بھائی کے قتل کی ویڈیوز سے ان کے خاندان، خاص طور پر پریانتھا کی اہلیہ اور اُن کے دونوں بچے صدمے کی کیفیت سے دوچار ہیں لہٰذا ایسا نہ کریں۔
انہوں نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے حکام سے بھی اپیل کی کہ ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا سے مکمل طور پر ہٹانے کے لیے کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ 3 دسمبر کو اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔
انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔