06 دسمبر ، 2021
اسلام آباد: سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکرما کا کہنا ہے کہ پریانتھا کمارا کے قتل کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات سے خوش ہیں اور یقین دلاتا ہوں کہ اس واقعے سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔
سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکرما کا میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے ایک شہری کا قتل ہوا جو انتہائی افسوسناک ہے لیکن سری لنکن حکومت کو یقین ہے کہ اس کا تعلق پاکستان سری لنکا تعلقات سے نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ پاکستان نے فوری ایکشن لیا، بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کیا گیا، ہمیں کہنے کی ضرورت نہیں کہ ہم دوست ہیں۔
موہن وجے وکرما کا کہنا تھا آج شہری پریانتھا کی میت واپس بھیج دی ہے، ہم پاکستان کی حکومت کی طرف سے لیے گئے اقدامات سے خوش ہیں، یقین ہے حکومت پاکستان ایسے اقدامات کرے گی کہ متاثرہ فیملی کو انصاف ملے۔
سری لنکن ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے سماجی، دفاعی اور تجارتی تعلقات ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ واقعہ ہمارے تعلقات پر اثرانداز نہیں ہو گا، ہم دوست ہیں اور دوست رہیں گے۔