06 دسمبر ، 2021
سیالکوٹ کی گارمنٹ فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنے والے فیکٹری ورکر ملک عدنان آج رات وزیراعظم ہاؤس میں بطور مہمان خاص قیام کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل کا کہنا ہے کہ ملک عدنان جنہوں نے سیالکوٹ واقعے میں بے مثال بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا وہ آج رات وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم کے خاص مہمان کے طور پر قیام کر رہے ہیں۔
شہباز گِل کا کہنا ہے کہ کل وزیراعظم آفس میں ایک خصوصی تقریب میں ان کی خدمات کو سراہا جائے گا، وزیراعظم نے پہلے ہی انہیں تمغہ شجاعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہباز گِل نے کہا کہ ملک عدنان ہمارا فخر ہیں اور پوری قوم کو ان پر ناز ہے۔
خیال رہےکہ پریانتھا کمارا کو بچانےکے لیے خود کی جان خطرے میں ڈالنے والے فیکٹری کے پروڈکشن منیجر ملک عدنان نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ وہ پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچاسکیں تاہم وہ ہجوم کی درندگی کو روکنے میں ناکام رہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ملک عدنان جان ہتھیلی پر رکھ کر پریانتھا کمارا کو بچانےکی کوشش کررہے ہیں۔
ہجوم کے تشدد کے وقت ملک عدنان نے پریانتھا کمارا کوکَور کیا ہوا تھا اور وہ خود مار کھاتے رہے اور اسے بچانےکی کوشش کر تے رہے، سوشل میڈیا پر بھی ملک عدنان کی بہادری اور انسان دوستی کے جذبے کی تعریف کی جارہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ پنجاب حکومت نے بھی ملک عدنان کو انسانی حقوق کا ایوارڈ دینےکا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ 3 دسمبر کو سیالکوٹ کی اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔
انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز نے منیجر کو اوپر سے نیچے پھینک دیا اور پھر لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔