ایم ڈی کیٹ میں 50 فیصد نمبرز لینے والوں کیلئے خوشخبری

ایم ڈی کیٹ میں 50 فیصد نمبرز لینے والوں کے سندھ میں میڈیکل، ڈینٹل کالجز میں داخلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا— فوٹو: فائل
ایم ڈی کیٹ میں 50 فیصد نمبرز لینے والوں کے سندھ میں میڈیکل، ڈینٹل کالجز میں داخلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا— فوٹو: فائل

ایم ڈی کیٹ میں 50 فیصد نمبرز لینے والوں کے سندھ میں میڈیکل، ڈینٹل کالجز میں داخلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

حکومت سندھ نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) میں 50 فیصد نمبرز لینے والے طلبہ و طالبات کو سندھ کے میڈیکل کالجز میں داخلہ دینے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کو سرکاری اور پرائیوٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کا اختیار دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو  میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کو کہا گیا ہے کہ وہ 2 دسمبر کو ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس کے فیصلے کے مطابق سندھ کے  پبلک اور  پرائیویٹ میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلے شروع کرے۔

محکمہ صحت سندھ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 50 فیصد سے کم نمبرز لینے والے طلبہ و طالبات داخلے کے اہل نہیں ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 22-2021 کے لیے میڈیکل کے داخلے شروع کردیے جائیں تاکہ طلبہ کے سال کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے ۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سندھ کابینہ کی جانب سے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلوں کے لیے پاسنگ پرسینٹیج 65 فیصد سے کم کرکے 50 فیصد کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

گزشتہ روز وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو  بھی پریس کانفرنس میں سندھ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ( ایس ایم ڈی سی) کے قیام کا عندیہ دے چکی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اگر  65 فیصد سے کم نمبرز پر داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات کو  پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) تسلیم نہیں کرے گا تو ہم ایس ایم ڈی سی کے قیام کا قانون لائیں گے۔

مزید خبریں :