پاکستان
Time 08 دسمبر ، 2021

کراچی: اورنگی میں مارے گئے طالبعلم کے دوست نے جعلی پولیس مقابلے کا پول کھول دیا

کراچی میں دو روز قبل اورنگی ٹاؤن پونے 5 نمبر میں ہونے والے مشکوک پولیس مقابلے  میں اہلکار کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 16 سالہ طالبعلم ارسلان کے زخمی دوست یاسر نے جعلی پولیس مقابلے کا پول کھول دیا۔

16 سالہ ارسلان کے زخمی دوست یاسر کا ویڈیو بیان منظر عام پر آگیا ہے جس سے جعلی پولیس مقابلے کی پول کھل گئی ہے۔

 یاسر کا  بیان میں کہنا تھا کہ وہ اور ارسلان موٹر سائیکل پر کو چنگ سینٹر سے واپس آرہے تھے کہ اس دوران سادہ لباس پولیس اہلکار توحید اور اس کے دوست عمیر نے ان کو روکا اور فائرنگ کی، پہلی گولی اسے لگی جس کے بعد وہ دونوں موٹرسائیکل سے گرگئے۔

یاسر نے بتایا کہ دوسری گولی کسی کو نہیں لگی، تیسری گولی ارسلان کو لگی۔

یاسرکا مزید کہنا تھا کہ  پینٹ شرٹ پہنے شخص نے دوبارہ پستول لوڈ کی جس کے بعد وہ ڈر کر وہاں سے بھاگا، پھر نہیں پتا چلا کہ کیا ہوا۔

دوسری جانب گرفتار ملزم توحید اور عمیر کو پولیس کی جانب آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش گیا جہاں تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر مفرور ملزم ایس ایچ او اعظم گوپانگ کو گرفتار کرنا ہے جس پر عدالت نے ملزمان کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ پیشی پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔

مزید خبریں :