Time 09 دسمبر ، 2021
پاکستان

شہباز شریف کی کراچی میں احسن اقبال پر تشدد کی شدید مذمت، تحقیقات کا مطالبہ

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کراچی میں احسن اقبال اور پارٹی کارکنوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

شہبازشریف کا کہنا ہے کہ  ‎عمران نیازی کے حکم پر کراچی میں رینجرز کے ذریعے سیکرٹری جنرل احسن اقبال سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں پر بہیمانہ تشدد کیا گیا۔

 شہبازشریف نے کہا کہ ‎کراچی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور پارٹی کے پُرامن کارکنوں پر لاٹھی چارج، تشدد اور بدسلوکی قابلِ مذمت اورانتہائی افسوسناک ہے،اس پر شدید احتجاج کریں گے۔

شہبازشریف نے ‎واقعے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کرانے اور ذمے داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ آج کراچی میں مسلم لیگ ن نے گرین لائن بس منصوبے کا علامتی افتتاح کیا ۔ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کی قیادت میں پارٹی رہنما اور کارکن ناظم آباد میں تقریب کے لیے جمع ہوئے تو رینجرز نے لیگی ارکان کو گرین لائن کے پیڈسٹرین پُل پر جانے سے روک دیا جس کی وجہ سے تقریب میں بے نظمی ہوئی۔

 احسن اقبال کا کہنا تھا ڈنڈا لگنے سے ان کے ہاتھ پر چوٹ آئی ۔

مزید خبریں :