Time 11 دسمبر ، 2021
کھیل

ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ سے باہر لیکن پھر بھی توجہ کا مرکز، آخر ماجرا کیا ہے؟

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے دونوں فاسٹ بولر ٹیم میں شامل نہیں تھے۔ فوٹو: فائل
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے دونوں فاسٹ بولر ٹیم میں شامل نہیں تھے۔ فوٹو: فائل

ٹیسٹ کرکٹ میں ساڑھے 1150 سے زائد وکٹیں لینے والے انگلش بولرز  جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پلیئنگ الیون میں شامل نہ ہونے کے باوجود سوشل میڈیا پر سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے برسبین ٹیسٹ میں پیٹ کمنز کی 5 وکٹوں، ٹریوس ہیڈ کی 152 رنز کی شاندار اننگز اور انگلش بلے بازوں جو روٹ اور ڈیوڈ ملان کی دوسری اننگز میں فائٹ بیک کی شراکت کی تعریف ہو رہی ہے لیکن سوشل میڈیا پر اس سے ذرا ہٹ کر کسی اور چیز کے تبصرے ہو رہے ہیں۔

جدید دور کی کرکٹ میں انگلینڈ کے دو مایہ ناز فاسٹ بولرز جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ کو برسبین ٹیسٹ میں ایک ساتھ گراؤنڈ میں انگلش کھلاڑیوں کو پانی پلاتے دیکھا گیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔

جیمز اینڈرسن نے 166 ٹیسٹ میچز میں 632 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ کرس براڈ نے 149 میچوں میں 524 وکٹیں لے رکھی ہیں اور دونوں بولرز کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 1156 بنتی ہے۔

جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پانی پلانے کی تصاویر پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

اس حوالے انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ جیمز اینڈرسن کو فٹ ہونے کے باوجود پہلے ٹیسٹ میں اس لیے شامل نہیں کیا گیا کیونکہ ٹیم مینجمنٹ پانچ روز کے ٹیسٹ میچ سے قبل ان پر ورک لوڈ کا جائزہ لینا چاہتی تھی۔

مزید خبریں :