13 دسمبر ، 2021
معروف پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ برائیڈل فیشن ویک کے تیسرے روز ریمپ پر چلتے ہوئے گِر پڑیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
علیزے شاہ نے مشہور ڈیزائنر نسا حسین کا تیار کردہ عروسی لباس ملبوس کیا اور شو اسٹاپر کے طور پر ریمپ پر انٹری دی۔
اداکارہ کے ہمراہ گلوکارہ شازیہ منظور بھی ریمپ پر موجود تھیں جو اپنا شہرہ آفاق گیت 'چن میرے مکھنا' گنگنا رہی تھیں۔
علیزے نے شازیہ منظور کے گانے پر رقص بھی کیا تاہم ریمپ سے واپس جاتے ہوئے علیزے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور پھسل کر گر پڑیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکارہ شازیہ منظور نے فوری طور پر علیزے کو سہارا دے کر اٹھایا اور ان کی ہمت بڑھاتی رہیں۔
دوسری جانب اداکارہ اشنا شاہ ڈیزائنر نِکی نینا کی شو اسٹاپر تھیں، اشنا جب ریمپ پر آئیں تو ان کا توازن بھی بگڑا لیکن جلد ہی اشنا نے خود کو سنبھال لیا اور شور کرتے ناظرین کو خاموش رہنے کا اشارہ کیا۔