13 دسمبر ، 2021
ونڈو کی تبدیلی اورغیر ملکی کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل کمٹ منٹس کے باعث کرکٹ کی دنیا کے بڑے نام پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا حصہ نہ بن سکے۔
پی ایس ایل ایڈیشن 7 کیلئے تمام 6 فرنچائزز نے ڈرافٹ کے بعد اپنی ٹیموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ شائقین کرکٹ کرس گیل اور بین ڈنک سمیت لیگز کے کئی نامور کھلاڑیوں کی کمی محسوس کر رہے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ کرس گیل اگرچہ ڈرافٹ میں شامل تھے لیکن کوئی فرنچائز انہیں لینے کیلئے تیار نہیں تھی اور اس کا فیصلہ پہلے ہی کر چکی تھیں کیونکہ کرس گیل کسی ٹیم کی ویلیو میں اب اس طرح اضافہ نہیں کرتے جیسے پہلے کرتے تھے۔
بین ڈنک سارا سال کرکٹ نہیں کھیلتے بلکہ کمنٹری کرتے ہیں، اس لیے کرکٹ سے تسلسل کے ساتھ وابستگی نہ ہونا وجہ ہے۔
دیگر موجودہ کھلاڑیوں کی اپنی ملکی لیگز اور سیریز میں کمٹ منٹس پی ایس ایل کا حصہ بننے میں رکاوٹ بنی۔
پی ایس ایل معمول کے مطابق فروری کے دوسرے یاتیسرے ہفتے میں شروع ہوتی ہے، اس مرتبہ آسٹریلیا کے دورے کی وجہ سے اس کے شیڈو ل میں تبدیلی ہو ئی اور ونڈو تبدیل ہونے کی وجہ سے دیگر سیریز اور لیگز سے متصادم ہو گئی۔
اس کے علاوہ مالی پیکج بھی بڑے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اب متاثر نہیں کرتا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا تھاکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی بجائے ملکی کھلاڑی اہم ہیں، ہمسائیوں کی طرح ہماری لیگ کی ونڈو ایسی نہیں ہے کہ جب انٹر نیشنل کرکٹ نہ ہو۔