کھیل
Time 14 دسمبر ، 2021

’کوئی اور سوال کرے پلیز‘، حسن علی صحافی پر برس پڑے

پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی نے پی ایس ایل ڈرافٹس کے بعد پریس کانفرس  میں ایک صحافی کے  سوال سنے بغیر اس کا جواب دینے سے انکار کردیا۔

پریس کانفرنس کے دوران ایک نجی ٹی وی کے صحافی نے  حسن علی سے کھلاڑیوں کی ٹیم تبدیلی کے حوالے سے سوال پوچھنا چاہا جس پر حسن  نے پہلے صحافی کو گھورا اور پھر ’next question‘کہتے ہوئے آگے بڑھنے کا اشارہ کردیا۔

تاہم صحافی نے مکمل سوال نہ سننے پر  حسن علی سے شکوہ کیا جس پر حسن علی کا کہنا تھا کہ میں آپ کے سوال کا جواب نہیں دینا چاہتا، پلیز کوئی اور سوال کرے۔

چند لمحوں بعد حسن پھر مائیک کے قریب آئے اور  سوال کا جواب نہ دینے پر وضاحت بھی کی اور بتایا کہ  پہلے آپ ٹوئٹر پر اچھی اچھی باتیں لکھیں، پھر سوال کیجیے گا اس کا جواب ضرور ملے گا۔

حسن علی نے صحافی پر برہم ہوتے ہوئے مزید کہا کہ کسی کے ساتھ بھی پرسنل نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کرکٹ بورڈ آپ کو نہیں روک سکتا لیکن ہم روک سکتے ہیں، یہ حق ہمارے پاس ہے۔

اس دوران حسن کے ساتھ بیٹھے اسلام آباد یونائیٹڈ کے نمائندے نے بھی حسن کو غصہ نہ کرنے کی تلقین کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران اہم موقع پر حسن علی سے کیچ ڈراپ ہونے پر مذکورہ صحافی نے انھیں ٹوئٹر پر ٹیگ  کرکے تنقید کی تھی۔

مزید خبریں :