16 دسمبر ، 2021
کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گیس کی قلت برقرار ہے جس کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
گھریلو صارفین کو ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کے وقت دن بھر میں 3 بار گیس کی فراہمی کا حکومتی اعلان صرف اعلان ہی رہ گیا ہے۔
کراچی میں گیس کی عدم فراہمی کے خلاف شہری سڑکو ں پر آگئے ہیں، گارڈن کے رہائشیوں نے گیس کی عدم فراہمی کے خلاف نشتر روڈ پر احتجاج کیا۔
احتجاج میں شامل رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں گیس نہیں آ رہی، سلینڈر خرید نہیں سکتے کھانا کیسے بنائیں اور کیا کھائیں؟
دوسری جانب گھریلو صارفین کو گیس فراہمی کے لیے سوئی ناردرن نے کیپٹو پاور سیکٹر کو گیس فراہمی معطل کر دی ہے۔
ترجمان سوئی ناردرن کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سردی بڑھنے پر گھریلو طلب میں اضافے کے بعد منظور شدہ لوڈ مینجمنٹ پروگرام کے مطابق کیا گیا۔