کھیل
Time 18 دسمبر ، 2021

پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے پہلی بار پاور ہٹنگ کوچ بھی مقرر کرنے کا فیصلہ

پاکستان ٹیم کیلئے پہلی بار پاور ہٹنگ کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں گی —فوٹو: فائل
پاکستان ٹیم کیلئے پہلی بار پاور ہٹنگ کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں گی —فوٹو: فائل 

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی )نے کوچز کی تلاش شروع کر دی ہے  جبکہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کوچز کی تقرری کے لیے اشتہار  بھی دے دیا گیا ہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائی پرفارمنس کوچ ، بیٹنگ کوچ، بولنگ کوچ ،فیلڈنگ کوچ اور پاور ہٹنگ کوچ کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کیلئے پہلی بار پاور ہٹنگ کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں گی جبکہ کوچز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں تعینات ہوں گے اور کوچز کا کردار نئی نسل کے کرکٹرز پر فوکس ہو گا۔

پی سی بی کے مطابق کوچز کے خواہشمند افراد 17 جنوری تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں ۔

واضح رہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اس وقت ثقلین مشتاق ہیڈ انٹر نیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ ہیں، جنہوں نے مصباح الحق کے مستعفی ہونے کے بعد عبوری ہیڈ کوچ کی ذ مہ داریاں نبھائی ہیں جبکہ شاہد اسلم بھی بنیادی طور پر ہائی پرفارمنس کوچ ہیں لیکن ٹیم کےساتھ اسسٹنٹ  ہیڈ کوچ تعینات رہے ۔ 

اس کے علاوہ بیٹنگ کوچ کے عہدے پر محمد یوسف ذمہ داریاں سنبھالے ہو ئے ہیں۔ 

یاد رہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں وکٹ کیپر، فیلڈنگ کوچ عتیق الزمان اور بولنگ کوچ محمد زاہد مستعفی ہو چکے ہیں۔ 

پاکستان ٹیم کے ساتھ فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھانے والے عبدالمجید بھی نیشنل ہائی پرفارمنس کے کوچز میں شامل  تھے ۔

 چیئرمین رمیز راجہ نے چند روز قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا تھا کہ ہائی پروفائل کوچز کی تقرری نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہو گی ، وہاں سے وہ قومی ٹیموں کے ساتھ کام کریں گے۔ 

مزید خبریں :