کینسر سے کیسے بچی؟ کبریٰ خان نے پوری کہانی سنادی

میں پاکستان لوٹی تو سب نے میرے وزن پر بات کی، لوگ اس بات سے لاعلم تھے کہ میں لندن سے کون سی جنگ لڑ کر آرہی ہوں—فوٹو: کبریٰ خان/انسٹاگرام
میں پاکستان لوٹی تو سب نے میرے وزن پر بات کی، لوگ اس بات سے لاعلم تھے کہ میں لندن سے کون سی جنگ لڑ کر آرہی ہوں—فوٹو: کبریٰ خان/انسٹاگرام

معروف پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے اپنی زندگی کے مشکل ترین وقت کا احوال بتایا ہے۔

کبریٰ خان نے حال ہی میں ایک ویب شو کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی صحت سے متعلق کئی انکشافات کیے۔

اداکارہ نے بتایا کہ گزشتہ دو سال میرے لیے خوفناک تھے، ایک تو کووڈ تھا پھر کچھ دیگر چیزیں میری زندگی میں چل رہی تھیں۔ اسی دوران میں رواں برس ماہِ جنوری میں لندن چلی گئی، ان دنوں میرے وزن میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا تھا جس پر میں اپنا چیک اپ کروانے ڈاکٹر کے پاس گئی۔

دوران انٹرویو کبریٰ خان نے انکشاف کیا کہ چیک اپ کے بعد ڈاکٹر نے میرے جسم میں گِلٹی دریافت کی جس کے بعد انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ممکنہ طور پر یہ کینسر ہے، مجھے اس چیز کی بالکل توقع نہیں تھی۔

کبریٰ خان نے کہا کہ اس وقت میں نے سوچا کہ الحمد اللہ مجھے بروقت اس بیماری کا علم ہوگیا، ڈاکٹرز نے اس وقت کہا کہ میرا فوری طور پر آپریشن کرنا ہوگا تاکہ گلٹی نکال کر دیکھا جاسکے کہ اگر یہ کینسر ہے تو آپ کون سے اسٹیج پر ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ میرے دو آپریشنز کیے گئے جس کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ یہ کینسر نہیں تھا لیکن علاج میں تھوڑی سی مزید دیر ہوتی تو یہ کینسر کی بدترین قسم میں تبدیل ہو سکتا تھا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ جب میں پاکستان واپس لوٹی تو سب نے میرے وزن پر بات کی کیونکہ لوگ اس بات سے لاعلم تھے کہ میں لندن سے کون سی جنگ لڑ کر آرہی ہوں۔

مزید خبریں :