افغانستان میں بگڑ تی انسانی صورتحال پر او آئی سی کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا

افغانستان میں بگڑ تی انسانی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔

کانفرنس میں شرکت کیلئے انڈونیشیا، بوسنیا، ملائیشیا،  ترکمانستان اور کرغزستان کے حکام اسلام آباد پہنچ گئے،کابل سے افغان وزیر خارجہ امیرخان متقی بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

وزیر مملکت علی محمد خان نے امیر خان متقی کا استقبال کیا۔ اس کے علاوہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

اس موقع پر اپنے بیان میں تھامس ویسٹ نے کہا کہ طالبان سے سفارتکاری میں افغان عوام ہمیشہ ہماری ترجیحات میں ہوں گے۔

اجلاس میں اوآئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور مبصرین کےعلاوہ  اقوام متحدہ، بین الاقوامی مالیاتی ادارے، امریکا، برطانیہ،فرانس، چین، روس، جرمنی، اٹلی کے مندوبین بھی شامل ہوں گے۔

افغانستان میں بگڑتی انسانی صورتحال پر ہونے والے اس اجلاس سے وزیراعظم عمران خان بھی خطاب کریں گے۔

سکیورٹی کے سخت انتظامات

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کی تمام تر تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، اجلاس میں شرکت کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل، کئی ممالک کے وزرائے خارجہ، نائب وزرائے خارجہ، فارن سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔

اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے افغان صورتحال پر غیر معمولی اجلاس کیلئے سکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

 اجلاس میں شرکت کیلئے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طٰحہ؛ کویت، انڈونیشیا، ملائیشیا، بوسنیا، ترکمانستان، آذربائیجان، نائجیریا اور مالدیپ سمیت دیگر مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

اجلاس میں شرکت کیلئے ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ، عمان اور بنگلا دیش کے فارن سیکرٹریز، جرمنی اور امریکا کے نمائندگان خصوصی برائے افغانستان بھی اسلام آباد آچکے ہیں۔

اجلاس میں شرکت کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر اور خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نائف الہجراف بھی پہنچ چکے ہیں، مہمانوں کے استقبال کے لیے پارلیمنٹ کی راہداری میں ریڈ کارپیٹ بچھا دیے گئے ہیں جبکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کو برقی قمقموں اور  پھولوں سے آراستہ کر دیا گیا۔

وزیر خارجہ کا انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے سینیئر حکام کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور او آئی سی اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

انہیں متعلقہ حکام کی طرف سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔  وزیر خارجہ نے کانفرنس ہال، وفود کی سہولت کیلئے بنائے گئے کاؤنٹرز، میڈیکل سینٹر، میڈیا سینٹر اور مختلف میٹنگ رومز کا جائزہ لیا۔

 وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر مہمان وزرائے خارجہ و دیگر وفود کی سہولت کیلئے ہر ممکن انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کو بہت بڑا اعزاز سمجھتے ہیں۔

مزید خبریں :