19 دسمبر ، 2021
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی کے پولنگ اسٹیشن میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے شاہد خٹک کا چچا زاد بھائی اور گن مین شامل ہیں جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولنگ روک دی گئی ہے۔
دوسری جانب ضلع خیبر کے علاقوں ذخہ خیل اور لنڈی کوتل میں مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشنوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پولنگ اسٹیشن پر بیلٹ بکس ٹوٹ گئے اور الیکشن مواد کو بھی نقصان پہنچا جبکہ بھگڈر، بے نظمی کے بعد 20 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔
لنڈی کوتل بازار کے ملک نادر شاہ کلے اسکول پر بھی پولنگ اسٹیشن میں مسلح افراد گھس گئے اور بیلٹ باکس توڑ دیے، الیکشن مواد کو نقصان پہنچایا اور عملے کو یرغمال بنالیا۔
واضح رہے کہ اس سےقبل امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر بنوں کی تحصیل بکا خیل میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا۔