19 دسمبر ، 2021
خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوران گرما گرمی انتہا کو پہنچ اور کئی مقامات پر انتخابی دنگل میدانِ جنگ بن گیا جبکہ خودکش دھماکے اور فائرنگ کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔
پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود افراد کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔
پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
قبائلی اضلاع کی عوام آج تاریخ میں پہلی بار اپنے بلدیاتی نمائندے منتخب کرنے کیلئے گھروں سے باہر نکلی۔
ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقہ کمرسر میں خودکش دھماکے میں 2 افرادجاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان نےدھماکےمیں جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے 5 ، 5 لاکھ جبکہ زخمیوں کیلئے 2، 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔
اُدھر ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی پولنگ اسٹیشن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی اورفرار ہوگئے۔
فائرنگ میں پی ٹی آئی کے ایم این اے شاہد خٹک کے چچازاد بھائی اورانکا گن مین جاں بحق اور چارافراد زخمی ہوگئے جبکہ واقعے کے بعد پولنگ روک دی گئی۔
ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ منڈی کس میں پولنگ اسٹیشن کے اندر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک زخمی بھی ہوگیا۔
ضلع خیبر بلدیاتی الیکشن کے دوران میدان جنگ بن گیا، زخہ خیل اورلنڈی کوتل میں مسلح افرادکے پولنگ اسٹینشوں پرحملےاورفائرنگ سے بھگڈرمچ گئی جبکہ تصادم کے درمیان راکٹ چل گئے۔
پولنگ اسٹیشن پربیلٹ باکس توڑگئے اور الیکشن مواد کوبھی نقصان پہنچایا گیا جبکہ بھگڈر اور بد نظمی کے بعد 20 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کاعمل بند ہوگیا جس کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے۔
تحصیل جمرود کے علاقہ ملاگوری میں پولنگ اسٹیشن میں بھگدڑاور ہوائی فائرنگ کےبعد پولنگ کا عمل شدید متاثر رہا۔
خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے جان خان اسکول میں خواتین پولنگ اسٹیشن میں بدنظمی کے بعد پولنگ کا عمل روک دیاگیا۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کے شہید بانڈا پولنگ اسٹیشن کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ویلج کونسل کے جنرل کونسلر کے امیدوار زخمی ہوگئے۔
ضلع ٹانک کے نواحی علاقے ملازئی میں پولنگ اسٹیشن پر دو سیاسی پارٹیوں کے درمیان تصادم کے بعد پولنگ کا عمل شدید متاثر رہا تاہم ضلعی انتظامیہ نے پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کرادیا۔
ضلع لکی مروت میں ملتانی من جیوالہ کے خواتین کے پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ سے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ فائرنگ کے بعد پولنگ روک دی گئی تاہم ڈی پی او شہزادہ عمر ریاض نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا۔
کوہاٹ کے سنگڑھ گرلز پرائمری اسکول پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی کی شکایت پر تحصیل میئر کےامیدوار نے پولنگ رکوا دی تاہم اسسٹنٹ کمشنر نے خاتون پریذائیڈنگ افسر کو کام سے روک کر چارج ڈپٹی پریذائیڈنگ افسر کے حوالے کر دیا۔
بونیرکی تحصیل چغرزئی میں بد نظمی کے باعث خواتین پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل روکا گیا تاہم کچھ دیر بعد دوبارہ شروع کردیا گیا۔
پشاور میں گورنمنٹ پرائمری اسکول شاہ عالم پولنگ اسٹیشن میں بدنظمی اور دھکم پیل میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔
ایس پی سکیورٹی محمد نبیل کھوکھر بھاری نفری کے ہمراہ متعلقہ پولنگ اسٹیشن پہنچے۔
محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ لوگ قطاروں میں کھڑے نہ ہو کر خود بدنظمی پیدا کر رہے ہیں، پولیس انتخابی عمل میں پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔
امن و امان کی خراب صورتحال، بکا خیل میں الیکشن ملتوی
جے یو آئی رہنما اور کے پی کے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے الزام عائد کیا ہے کہ بنوں کی تحصیل بکا خیل میں پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان نے 5 پولنگ اسٹیشنز پر دھاوا بولا، سامان اور عملے کو بھی اغوا کر کے لے گئے۔
بنوں کی تحصیل بکا خیل میں امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے تحصیل بکا خیل میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے اور کہا ہے کہ الیکشن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں چیئرمین شپ الیکشن کے لیے ن لیگ کا امیدوار جے یو آئی ف کےامیدوار کے حق میں دستبردار ہو گیا۔
مسلم لیگ ن کے امیدوار ثمر خان کا کہنا ہے کہ ہم پی ڈی ایم کا حصہ ہیں اور پی ٹی آئی کو شکست دینے کے لیے جے یو آئی کے حق میں دستبردار ہو رہا ہوں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عمرخطاب شیرانی کے قتل کے بعد کونسل مئیر شپ کی نشست کا الیکشن ملتوی کردیاگیا۔
بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 2 ہزار 32 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
جنرل نشستوں پر 217، خواتین نشستوں پر 876، کسان کی نشستوں پر 285 اور یوتھ نشستوں پر 500 جبکہ اقلیتی نشستوں پر 154 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔