Time 20 دسمبر ، 2021
پاکستان

خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات: میئر پشاور کی نشست پر جے یو آئی کو برتری حاصل

خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔

دوسری جانب ووٹوں کی گنتی کے بعد مختلف پولنگ اسٹینشز کے نتائج آنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگيا۔

چار شہروں کے میئرز کی نشستوں کے نتائج

غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پشاورسٹی کونسل میں جمعیت علمائے اسلام، بنوں میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کوبرتری حاصل ہے جبکہ مردان میں عوامی نیشنل پارٹی اور کوہاٹ میں آزاد امیدوارکو میئر کی نشست پربرتری حاصل ہے۔

پشاور سٹی کونسل کے 521 میں سے 91  پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق جے یو آئی کے زبیر علی 8384   ووٹ لے کر میئر کی نشست پرآگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش 7509 ووٹ لے کر میئر کی نشست پردوسرے نمبرپر ہیں۔

مردان سٹی کونسل کے 414 میں سے 10 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق اے این پی کے حمایت اللہ مایار 1708 ووٹ لے کر میئر کی نشست پر آگے ہیں جبکہ جے یو آئی کے امانت شاہ حقانی 1070 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

کوہاٹ سٹی کونسل کے 265 میں سے 75 پولنگ اسٹیشنوں کے غیرسرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار شفیع اللہ جان 8583 ووٹ لے کر میئر کی نشست پر آگے اور جمعیت علمائے اسلام کے شیر زمان 8087 ووٹ لے کر دوسرے نمبرپر ہیں۔

بنوں سٹی کونسل کے 286 میں 75 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے اقبال جدون خان 14623 ووٹ لیکر پہلے اور جمعیت علمائے اسلام کے 14426 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

28 ویلج کونسل کے نتائج

جیونیوزکواب تک 28 ویلج کونسل کے مکمل نتائج موصول ہوگئے جس کے مطابق 11 آزادامیدوار ویلج کونسل کی نشستوں پرمنتخب ہوئے ہیں۔

موصول نتائج کے مطابق جے یو آئی  اور اے این پی کے 6، 6، پی ٹی آئی کے 3، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ن) کا ایک، ایک امیدوار ویلج کونسل کی نشست پرکامیاب ہوا ہے۔

16نیبرہوڈ کونسل کے نتائج موصول

جیونیوز کو اب تک 16نیبرہوڈ کونسل کے مکمل نتائج موصول ہوئے ہیں جس کے مطابق 9 آزاد امیدوارنیبر ہوڈ کونسل کی نشست پر کامیاب ہوئے۔

جمعیت علمائے اسلام 3، اےاین پی، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کا ایک ایک امیدوارنیبرہوڈکونسل کی نشست پرمنتخب ہوا ہے۔

مزید خبریں :