پاکستان
Time 22 دسمبر ، 2021

قوتوں نے ہاتھ ہٹایا تو بلدیاتی انتخابات میں انجام سب نے دیکھ لیا، فضل الرحمان

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پشاور میں ایم این اے، ایم پی اے، بیوروکریسی اِن کی تھی لیکن قوتوں نے ہاتھ ہٹایا تو بلدیاتی انتخابات میں انجام سب نے دیکھ لیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جہاں اسلام کی بات آئے وہاں انتہا پسند کہہ دیا جاتا ہے، ہم جمہوری لوگ ہیں اور ملک کو مستحکم کرنے کی بات کرتے ہیں، آپ ٹھیک ہو جائیں، ہم تو ٹھیک ٹھاک ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم کہتے تھے حکومتیں تمام دھاندلی کی پیداوار ہیں، پشاور میں ایم این اے، ایم پی اے اور بیوروکریسی ان کی تھی لیکن تھوڑا سا ہاتھ ہٹایا گیا تو حشر نشر سب کے سامنے ہے۔

سربراہ اتحاد کا کہنا تھاکہ پاکستان کو امن اور خوشحال معیشت کی ضرورت ہے، امن کا مطلب انسانی حقوق کا تحفظ ہے۔

خیال رہے کہ 19 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام نے مخالفین کو اپ سیٹ شکست دی ہے۔

4 میں سے 3 شہروں کے میئرز کی نشستیں جیت گئے جس میں تحریک انصاف کا گڑھ سمجھے جانے والا صوبائی دارالحکومت پشاور بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :