23 دسمبر ، 2021
قومی کرکٹر آصف علی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد یہ تبدیلی آئی ہے کہ لوگوں کی مجھ سے توقعات بڑھ گئی ہیں لہٰذاکوشش ہے زیادہ محنت کروں اور لوگوں کی امیدوں پر پورا اتروں۔
لاہور میں نمائندہ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی نے آئندہ سال آسٹریلیا کے دورہ پاکستان سے متعلق اظہارِ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے میچز پاکستان کے مختلف وینیوز پر ہوں گےاس لیے پاکستان کے کرکٹ شائقین میچز سے لطف اندوز ہوں گے ، ہماری بھی کوشش ہو گی کہ آسٹریلیا کی ٹیم جو ایک مضبوط ترین ٹیم مانی جاتی ہے اس کے خلاف اچھا کھیلیں اور فینز کی توقعات پر پورا اتریں۔
پی ایس ایل کے لیے بہت پرجوش ہوں: آصف علی
ہارڈ ہٹنگ بیٹنگ کے لیے مشہور آصف علی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے لیے بہت پرجوش ہوں، خوشی ہے پی ایس ایل پاکستان میں ہوگی اور فینز اسٹیڈیم آکر میچز دیکھ سکیں گے۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اپنی ٹیم کے لیے سو فیصد دوں ، اس مرتبہ بھی اچھا کرنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز ملتوی ہونے کا بہت دُکھ ہوا لیکن جن افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان کے لیے دعا گو ہوں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل آصف علی کو شدید تنقید کا سامنا تھا لیکن ورلڈکپ میں انہوں نے دھواں دھار بیٹنگ سے اس تنقید کا جواب دیا ۔
'ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد لوگوں کی مجھ سے توقعات بڑھ گئی ہیں'
آصف علی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد یہ تبدیلی آئی ہے کہ لوگوں کی مجھ سے توقعات بڑھ گئی ہیں، کوشش ہے زیادہ محنت کروں اور لوگوں کی امیدوں پر پورا اتروں۔
کرکٹر نے کہا کہ تنقید کرنا لوگوں کا حق ہے جب اچھا پرفارم نہیں کریں گے تو لوگ باتیں کریں گے، ورلڈکپ میں اچھی پرفارمنس دی تو لوگوں نے بہت سپورٹ بھی کیا۔
آصف علی نے کپتان بابراعظم اور رضوان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے بیٹنگ میں ایک معیار قائم کیا ہے، دعا ہے اللہ تعالیٰ بابر اور رضوان کو ایسے ہی کامیابی دیتے رہیں اور پاکستان کے لیے ریکارڈ بنتے رہیں۔