25 دسمبر ، 2021
پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کو دل کی شریانوں میں دو اسٹنٹس ڈالنے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
عابد علی کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے تاہم عابد علی دو ہفتے تک کراچی میں ہی ری ہیب کریں گے۔
والد عابد علی کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ہی ری ہیب کے تمام عمل مکمل ہو رہے ہیں اور پی سی بی نے رہائش کے لیے تمام انتظامات کر دیے ہیں۔
عابد علی کے والد کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کا بیٹا اب 110 فیصد بہتر ہے، دعائیں کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل عابد علی قائد اعظم ٹرافی کے میچ کے دوران دل کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے۔
عابد علی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے دل کی شریانوں میں رکاوٹ سامنے آئی اور پھر عابد علی کے دل کی شریانوں میں دو اسٹنٹ ڈالے گئے۔ ڈاکٹرز نے عابد علی کو تقریباً دو ماہ تک کرکٹ سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔