28 دسمبر ، 2021
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پالیسی کابینہ سے منظور ہوگئی ہے اور اسے ایک ہفتے میں پبلک کریں گے۔
اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے معید یوسف کا کہنا تھاکہ قومی سلامتی پالیسی کا مقصد پاکستان کے عام شہری کو تحفظ پہنچانا ہے، معیشت مضبوط ہوگی تو ہم عوام پر خرچ کرسکیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ ایک ہفتے میں قومی سلامتی پالیسی کو پبلک کریں گے، چاہتے ہیں کہ اس پر بحث ہو اور لوگ اپنی رائے کا اظہار کریں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ قومی سلامتی پالیسی کا 2014 سے سلسلہ شروع ہوا تھا، سول اور ملٹری لیڈر شپ نے مل کر کام کیا اور آج جو مسودہ منظور ہوا ہے اس پر تمام اداروں کا اتفاق ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر ہر ماہ قومی سلامتی پالیسی پرعملدرآمد کا جاہزہ لیا جائے گا۔