Time 29 دسمبر ، 2021
دنیا

یورپ میں اومی کرون پنجے گاڑنے لگا، مختلف ملکوں نے پابندیاں لگانا شروع کر دیں

امریکا میں آج ڈیڑھ لاکھ سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ —فوٹو: اے پی
امریکا میں آج ڈیڑھ لاکھ سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ —فوٹو: اے پی 

یورپ میں اومی کرون پنجے گاڑنے لگا جس کے باعث مختلف ملکوں نے پابندیاں لگانا شروع کر دیں۔

فرانس میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضا فہ ہوا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 لاکھ 80 ہزار کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ امریکا میں آج ڈیڑھ لاکھ سے زائد نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

انگلینڈ میں24 گھنٹوں میں مزید1 لاکھ 29 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے اور یہاں بھی جنوری میں نئی پابندیاں لگائے جانے کا امکان ہے جبکہ اسکاٹ لینڈ، ویلز اور ناردرن آئرلینڈ نے میل جول محدود کرنے کی پابندیاں لگا دیں ۔

اس کے علاوہ نیدر لینڈز ،سوئٹزرلینڈ، یونا ن اور پر تگال میں بھی اومی کرون کیسز میں اضافہ ہوا جبکہ جرمنی میں نجی تقاریب ویکسین شدہ 10 افراد تک محدود کر دی گئیں اور نائٹ کلبز بند کر دیے گئے ،فن لینڈ نے بھی کورونا ویکسین نہ لگوانے والے غیرملکی مسافروں کے داخلے پر پابندی لگادی ۔

دوسری جانب بھارتی دارالحکومت دہلی میں اومی کرون بڑھنے پر اجتماعات پر پابندی لگادی گئی ہے اور نجی دفاتر کو 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کام کی ہدایت کی گئی ۔اس کے علاوہ بنگلادیش میں اومی کرون ویرنٹ کےخطرے کے پیش نظربوسٹر ویکسین کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے خبر دار کردیا

عالمی ادارہ صحت نے خبر دار کیاہے کہ اومی کرون سے اسپتالوں پر بوجھ پڑ سکتا ہے ، اور صحت کا نظام دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے ۔ 

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ حالیہ تحقیق بتاتی ہے کہ اومی کرون کی شدت کم ہے تاہم اسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اومی کرون کے پھیلاؤ کی رفتار بہت زیادہ ہے ، جس کی وجہ سے غیر ویکسین شدہ افراد متاثر ہو کر اسپتال داخل ہوں گے،اس سے صحت کے نظام اور دیگر ضروری سروسز پر دباؤ بڑھ سکتاہے۔

امریکا اور ائیرلینڈ کی ون ڈے سیریز منسوخ

اسکواڈ ممبران اور کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد امریکا اور ائیرلینڈ کی ون ڈے سیریز  باہمی رضامندی سے منسوخ کردی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پہلے امریکی ٹیم کے  کھلاڑی اور امپائرز میں کورونا کی تشخیص ہوتی تاہم بعد میں ائیرلینڈ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کے 2 ممبران کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

مزید خبریں :