پاکستان
27 اکتوبر ، 2012

ملک بھر میں عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

ملک بھر میں عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

کراچی…ملک بھر میں عیدالاضحی مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے، فرزندان توحید سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کررہے ہیں۔ اس سے قبل ملک کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں سیکڑوں مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں مسلم امہ خصوصاً وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباداور صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں بھی سیکڑوں عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر کی مسجد میں عید نماز ادا کی۔ وفاقی دارالحکومت میں عید کا مرکزی اجتماع ، فیصل مسجد میں ہوا،جہاں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری نے بھی عید نماز اداکی ۔باغ جناح پولو گراوٴنڈ میں مرکزی اجتماع میں گور نر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اسلامی ممالک کے سفارتکاروں اور سرکاری حکام کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ نمازعید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے پوری قوم کو عید الاضحی کی مبارکبادپیش کی۔لاہور میں مختلف مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے جس میں سیاسی و سماجی اور مذہبی رہنماوٴں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی،مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف،حسن شہباز،حمزہ شہباز اور پارٹی کے دوسرے رہنماوٴں نے رائے ونڈ میں جاتی امراء میں عید کی نماز ادا کی۔پشاور میں نماز عید الاضحی کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ گونر خیبر پختونخواہ اور وزیر اعلی خیبر پختونخواہ امیر حیدرخان ہوتی نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی۔ کوئٹہ میں بھی مساجد و عید گاہوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔پشاور میں نماز عید الاضحی کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ گونر خیبر پختونخواہ اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ امیر حیدرخان ہوتی نے گورنر ہاؤس پشاور میں نماز عید ادا کی۔پشاور میں عید الاضحی کا بڑا اجتماع عید گاہ میں ہوا۔ وفاقی وزیر ریلویز غلام احمد بلور سمیت سینکڑوں افراد نے نماز عید ادا کی۔ ملک بھر میں نماز عید کے موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد فرزندان توحید سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کررہے ہیں۔






مزید خبریں :