دنیا
Time 29 دسمبر ، 2021

امریکا کے بعد اسرائیلی اخبار نے بھی بھارت میں ہندو انتہا پسندی کا چہرہ بے نقاب کر دیا

بھارت میں مسلمانوں کے بعد مسیحی برادری بھی انتہا پسندوں کے نشانے پر ہیں اور امریکی میڈیا کے بعد اسرائیلی اخبارنے بھی مودی سرکار کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

ایک اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے کئی بڑے شہروں میں مسلمانوں کی نسل کشی کے واقعات کے بعد مسیحی اقلیت بھی نشانے پر ہے۔

رپورٹ کے مطابق انتہا پسند جماعت آر ایس ایس اور ہندوتوا کا پرچار کرنے والوں کو ان واقعات میں حکمراں جماعت بی جے پی کی سرپرستی حاصل ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرسمس کے موقع بھارت کے شہر آگرہ میں سانتا کلاز کا پتلا نذرآتش کیا گیا، ریاست ہریانہ میں گرجا گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی، مسیحی برادری کو ناصرف عبادت سے روکا گیا بلکہ انتہا پسندوں نے ہندو مذہب کے نعرے بھی لگوائے۔

حال ہی میں بنگلور سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ تجسوی سریا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ بھارت میں مسلمانوں اور عیسائیوں کو ہندو بنانے پر زور دے رہی ہیں۔