01 جنوری ، 2022
اداکارہ ماہرہ خان علیحدگی کے باوجود سابق شوہر اور سابقہ سسرال کی معترف ہیں۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں نجی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو کے دوران بیٹے کی پرورش سے متعلق سابق شوہر اور سابق سسرال کی تعریف کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے سابق شوہر بیٹے کے معاملے میں خاصے مددگار ہیں، خدا کا شکر ہے کہ بیٹے اذلان کے لیے سابق شوہر، ان کی فیملی اور میری فیملی ایک ہی پیج پر ہیں، تمام افراد بیٹے کے معاملے میں بالکل لاپرواہی نہیں برتتے۔
ماہرہ نے دوران شو اپنے سابق سسر کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا جب بھی کوئی انٹرویو آئے تو ان کے سابق سسر فوراًکال کرکے انہیں سراہتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھاکہ وہ آج بھی اپنے سابق سسر کے نزدیک ہیں اور وہاں سب کے ان سے آج بھی اچھے تعلقات ہیں۔
دوران گفتگو ماہرہ نے اعتراف کیا کہ ان کے لیے علیحدگی کا وقت خاصا مشکل تھا۔