پاکستان
Time 02 جنوری ، 2022

آلو کی پیٹیوں میں لاکھوں روپے کی کھاد افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

چمن اور ڈیرہ مراد جمالی میں کسٹمز نے افغانستان منتقل کی جانیوالی یوریا کھاد کی اسمگلنگ ناکام بنادی۔

بلوچستان کے زمینداروں کے کھاد کے افغانستان اسمگلنگ کے خدشات درست ثابت ہوئے۔ کسٹمز اور لیویز نے چمن اور ڈیرہ مراد جمالی میں کارروائیاں کرتے ہوئے چار ٹرک کھاد تحویل میں لے لی۔

کسٹمز حکام کے مطابق عملے نے کسٹمز ہاؤس چمن میں ایکسپورٹ کی نیت سے آنے والے آلو کے ٹرک کی تلاشی لی تو اس میں 480 بوری یوریا کھاد برآمد ہوئی جس کی مقدار 24 میٹرک ٹن بنتی ہے۔

کارروائی کے بعد ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا اور ایکسپورٹر اور کلیئرنس ایجنٹ کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی میں لیویز نے کارروائی کے دوران قومی شاہراہ پر کھاد کے 3 ٹرکوں کو اپنی تحویل میں لے لیا جن سے 1900بوری کھاد برآمد ہوئی ہے، لیویز نے ٹرکوں کے ڈرائیورز کو گرفتار کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان حکومت نے ہمسایہ ممالک کھاد لے جانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

مزید خبریں :