03 جنوری ، 2022
بارشیں برسانے والا مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا جس سے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نئے سسٹم کے تحت آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ہرنائی، کوہلو، ژوب، بارکھان، زیارت، پشین، گوادر اور لسبیلہ سمیت بیشتراضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی بلوچستان سے ملک میں آنے والا سسٹم وسطی اوربالائی سندھ میں بھی داخل ہوگا جس کے باعث کل سے7 جنوری تک کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کےبیشتراضلاع میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے ۔