Time 03 جنوری ، 2022
کھیل

محمد حفیظ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

کراچی:  پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 کھیلنے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بین الا اقوامی کرکٹ سے باقاعدہ طور  پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ 18 سال پہلے خوب صورت سفر شروع کیا، آج ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کر رہا ہوں لیکن جب تک فٹ ہوں اور پرفارم کرتا رہا لیگ کھیلتا رہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور نوجوان کرکٹرز کو بھی یہی کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے لیے جب بھی کھیلیں فخر کے ساتھ کھیلیں اور اسے ایک اعزاز سمجھیں۔

ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے قومی کرکٹر کا کہنا تھا میری خواہش تھی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ وننگ ٹیم کا حصہ ہوتا، محنت اور کوشش کی لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا جس کا دکھ ہے۔

17 اکتو بر 1980 کو سرگودھا میں آنکھ کھولنے والے محمد حفیظ نے 3 اپریل 2003 کو شارجہ میں زمبابوے کے خلاف اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا، اسی سال اگست میں انھوں نے نینشنل اسٹیڈیم کر اچی میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 28 اگست 2006 کو برسٹل میں انگلینڈ کے خلاف انضمام الحق کی قیادت میں جب پاکستان نے اپنا پہلا بین الااقومی ٹی 20 کھیلا تو محمد حفیظ اس ٹیم میں بھی شامل تھے۔

محمد حفیظ نے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیے، آل راؤنڈر نے ایک ٹیسٹ 2 ون ڈے اور 29 ٹی 20 انٹرنیشنلز میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیے۔

محمد حفیظ کا شمار پاکستان کے ان چند کھلاڑیوں میں ہوتا ہےجو اپنے سخت مؤقف کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، بالخصوص میچ فکسنگ اور ڈسپلن کے حوالے سے محمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ میں ایک نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔

2014 میں بنگلا دیش میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں گروپ مرحلے سے باہر ہو نے کے بعد بطور کپتان محمد حفیظ نے تمام ذمہ داری قبول کی اور پاکستان پہنچ کر قیادت سے علیحدہ ہو نے کا اعلان کر دیا۔

2020 میں محمد حفیظ اپنے ٹی 20 کیرئیر کی بہترین فارم میں نظر آئے ، انھوں نے 10 میچو ں میں چار نصف سنچریوں کیساتھ 415 رنز اسکور کیے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی سطح پر اس شاندار پرفارمنس کے باوجود محمد حفیظ کی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے ساتھ سرد جنگ نے عظیم کھلاڑی کی اس پرفارمنس کو کسی اعزاز کا مستحق نا ہو نے دیا۔

پاکستان کے لیے 2007، 2009 اور 2019 میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کھیلنے والے محمد حفیط کو 2015 ورلڈ کپ میں منتخب ہو نے کے باوجود اس وقت کی ٹیم مینجمنٹ نے فٹنس گراؤنڈ پر ڈراپ کر دیا جس کا سابق کپتان کو بے حد افسوس ہےکیونکہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ ایونٹ کے صرف دو میچ کے بعد فٹ ہو سکتے تھے، البتہ انھیں فورا آسٹریلیا سے پاکستان روانہ کر دیا گیا۔

2007 میں جنو بی افریقا میں شعیب ملک کی قیادت میں پہلا آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کھیلنے والے محمد حفیظ 2009 کے علاوہ پاکستان کے لیے تمام آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے، اپنے کیرئیر کے دوران دائیں ہاتھ سے گیند کر نے والے محمد حفیظ کو کیرئیر میں کئی بار مشکوک بولنگ ایکشن کے مرحلے سے گزرنا پڑا لیکن اس سلسلے میں قانونی راستے کے ساتھ محمد حفیظ نے فتح کو گلے لگایا۔

بھارت میں انڈین پریمئر لیگ کھیلنے والے محمد حفیظ نے آسٹریلیا، انگلینڈ، سری لنکا، بنگلا دیش، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا میں لیگ کرکٹ کھیلی اور پاکستان سپر لیگ میں پشاور  زلمی کے بعد وہ لاہور قلندرز کے لیے کھیلتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جا نے والے محمد حفیظ نے اب 18 سال بین الااقوامی کرکٹ کھیلنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا ہے، البتہ آل راؤنڈر دنیا بھر میں لیگ کرکٹ کھیلتے ضرور دکھائی دیں گے۔

محمد حفیظ نے پاکستان کے لیے 392 بین الااقومی میچو ں میں 12789 رنز 21 سنچریوں 64 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے، ایک مستند فیلڈر مانے جانے والے محمد حفیظ نے 160 کیچ لینے کے ساتھ بطور آف بریک بولر 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

مزید خبریں :