Time 04 جنوری ، 2022
پاکستان

تحریک انصاف سرخرو ہوئی، طے ہوگیا فارن فنڈنگ کاکوئی معاملہ نہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزير اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کی فائنڈنگ میں یہ بات عیاں ہوگئی کہ تحریک انصاف کی فنڈنگ شفاف ہے، تحریک انصاف ایک مرتبہ پھر سرخرو ہوئی ، طے ہوگیا ہے کہ فارن فنڈنگ کاکوئی معاملہ نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کے ہمراہ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئےکہاکہ ہم چاہتے ہیں سب جماعتوں کی فنڈنگ کو سامنے لایا جائے۔

فواد چوہدری نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف نے ن لیگ کا اکاؤنٹ منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کیا، ن لیگ کے اکاؤنٹ میں 8 کروڑ  روپے ڈلوا کر  نکلوائے گئے، چاہتے ہیں الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی اور  ن لیگ کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی بھی کرے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتوں میں فنڈنگ وڈیروں اور کاروباری لوگوں سے چلتی ہے، الیکشن کمیشن میں پیش ہونے والی رپورٹ پی ٹی آئی حکومت سے پہلے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی کے) اکاؤنٹس کی اسکروٹنی نہیں ہو رہی۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نےکہاکہ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی جہاں پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی پڑتال کر رہی ہے ویسے ہی ن لیگ اور  پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی پڑتال بھی کرے۔

انہوں نے کہا کہ ماہرین کی پڑتال کے مطابق ن لیگ کے 9 اکاؤنٹس ایسے ہیں جو الیکشن کمیشن کو نہیں بتائے گئے، ان میں کروڑوں کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے، پیپلز پارٹی نے 2013 میں 9 اکاؤنٹس، 2014 میں 11 اور 2015 میں 10اکاؤنٹس چھپائے،  پیپلز پارٹی کے پاس 34کروڑ کے عطیات کا کوئی ریکارڈ نہیں، قانون کے مطابق کوئی سیاسی جماعت کسی دوسری جماعت کو فنڈز نہیں دے سکتی لیکن پیپلز پارٹی نے،  پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز اور  پارلیمنٹیرینز نے پیپلز پارٹی کے اخراجات اٹھائے تھے۔ 

مزید خبریں :