کھیل
Time 06 جنوری ، 2022

رضوان اور افتخار کی سادگی نے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنالیا

آل راؤنڈر افتخار احمد نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی جو سوشل میڈیا پر مقبول ہورہی ہے__فوٹو: افتخار احمد/ٹوئٹر
آل راؤنڈر افتخار احمد نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی جو سوشل میڈیا پر مقبول ہورہی ہے__فوٹو: افتخار احمد/ٹوئٹر

قومی کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے باز افتخار احمد اور محمد رضوان کی بیٹنگ کے تو سب دیوانے ہیں لیکن  اب ان کی سادگی نے بھی لوگوں کو گرویدہ بنالیا ہے۔

 آل راؤنڈر افتخار احمد نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی جو سوشل میڈیا پر مقبول ہورہی ہے۔

جارحانہ بلے باز افتخار احمد نے ٹوئٹر پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پشاور میں لی گئی تصویر ہے، اس تصویر سے ظاہر ہورہا ہے کہ دونوں کرکٹر کسی ڈھابے پر بیٹھے چائے سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

دونوں کرکٹرز کی تصویر پر مداحوں نے خوب تبصرے کیے، کسی نے ان کی سادگی کو سراہا تو کوئی رضوان کے چائے کے کپ کو موبائل سے ڈھکے دیکھ کر متاثر ہوا۔

ایک صارف نے لکھا کہ عالمی شہرت یافتہ اسٹارز ہونے کے باوجود ان میں بغیر کسی دکھاوے کے سادگی اور عاجزی ہے۔

ایک اور صارف نے مداحوں کی توجہ رضوان کے موبائل پر دلوائی اور کہا کہ رضوان اپنی چائے ٹھنڈی ہونے سے بچا رہے ہیں۔

ایک صارف نے تجسس ظاہر کرتے ہوئے پوچھا کہ بتائیں چائے کے پیسے کس نے ادا کیے اور پیسے دینے کے لیے ہاتھ جیب تک لے جانے والا کھلاڑی کون تھا۔


مزید خبریں :