06 جنوری ، 2022
کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ آج دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا۔
پانی جمع ہونے کے باعث مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ معتدل بارش کا سلسلہ جمعے کی سہ پہر تک تھم جائے گا جبکہ 8 جنوری سے سردی بڑھنے کا امکان ہے۔
سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، ناظم آباد، صدر، شارع فیصل اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش سے موسم مزید سہانا ہوگیا ہے۔
سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران شہر میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ جمعے کو مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم سندھ سے نکل جائے گا جس کے بعد آٹھ جنوری سے سردی کی شدت میں اضافہ بھی متوقع ہے۔
شہر قائد میں بجلی کی فراہمی کی ذمہ دار کمپنی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں محفوظ اور مستحکم بجلی کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہیں۔
ترجمان کے ای کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران ہمارا سسٹم بہترین انداز سے کام کرتا رہا اور ہماری ٹیمز نے اس بات کو یقینی بنایا کہ شہریوں کو محفوظ طریقے سے بجلی کی فراہمی مسلسل جاری رہے۔