Time 06 جنوری ، 2022
پاکستان

نتھیا گلی میں ہوٹل کی تعمیر کا کنٹریکٹ جون میں دیا گیا، کمپنی ذرائع

ممتاز مسلم اپریل 2018 میں بنی گالہ میں عمران خان سے ملے، پھر انہیں خصوصی منصوبوں کے چیئرمین کا مشیر مقرر کیا گیا— فوٹو: فائل
ممتاز مسلم اپریل 2018 میں بنی گالہ میں عمران خان سے ملے، پھر انہیں خصوصی منصوبوں کے چیئرمین کا مشیر مقرر کیا گیا— فوٹو: فائل

پشاور: نتھیا گلی میں لگژری ہوٹل کی تعیمر کے معاملے پر کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ  اسے نتھیا گلی میں ہوٹل کی تعمیر کا کنٹریکٹ جون میں دیا گیا۔

کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ ستمبر میں سرمایہ کار ممتاز مسلم نے  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کی ، ملاقات میں صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلق بات کی گئی۔

ذرائع کے مطابق سرمایہ کار ممتاز مسلم کا عراق اور کابل میں بھی ایک ایک ہوٹل ہے ، نتھیا گلی میں زیر تعمیر ہوٹل ممتاز مسلم کا تیسرا اور پاکستان میں پہلا ہوٹل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق نتھیا گلی میں ہوٹل کی تعمیر کا کام جاری ہے ،4 سال میں مکمل ہوگا ، وزیراعظم عمران خان نے 5 ستمبر کو ہوٹل کا افتتاح کیا تھا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ  خیبرپختونخوا محمود خان نے جیو نیوز سے بات چیت میں کہا کہ  ممتاز مسلم سرمایہ کار ہیں،  انہوں نے مجھ سے ملاقات کی ہے، ملاقات وزیراعظم کے ہوٹل کے افتتاح کرنے کے بعد ہوئی۔

قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ نتھیاگلی کے لاکھوں ڈالر مالیت کے لگژری ہوٹل کی تعمیر کا ٹھیکہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھی اور پی ٹی آئی کے اُس دیرینہ کارکن کو ملا ہے جس کی کمپنی نے عمران خان کو چندہ دیا تھا۔

ممتاز مسلم بیرون ہوٹلز کے صدر اور مالک ہیں۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ممتاز احمد مسلم نے پی ٹی آئی کو عطیہ دیا تھا۔

ممتاز مسلم اپریل 2018 میں بنی گالہ میں عمران خان سے ملے، پھر انہیں خصوصی منصوبوں کے چیئرمین کا مشیر مقرر کیا گیا۔

اس حوالے سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ ممتازمسلم نےہوٹل کا کنٹریکٹ اوپن بڈنگ سے حاصل کیا۔

متواتر کوششوں کے باوجود ممتاز مسلم کا مؤقف نہیں لیا جاسکا۔

مزید خبریں :