Time 07 جنوری ، 2022
پاکستان

مری میں شدید رش اور ٹریفک جام کے باعث سیاحوں کا داخلہ بند کردیا گیا

ملک کے سیاحتی مقام مری میں برفباری اور ہنگامی صورتحال کے باعث سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔

 مری میں برفباری کے ساتھ سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سوا لاکھ گاڑیاں شہر میں داخل ہوگئيں جس کے باعث شدید رش اور سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق ‏مری میں مسلسل برفباری کے باعث ہنگامی صورتحال ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مری میں داخلہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ مری میں داخلہ بند کرنے کا فیصلہ شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے کیا، سیاح گاڑیوں میں محصور ہیں اور رش کی وجہ سے ہنگامی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ‏ٹریفک میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے انتظامیہ اور پولیس متحرک ہیں۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد سے مری گاڑیوں کا داخلہ اتوار کی رات 9بجے تک بند رہے گا، مری میں برفباری اور ٹریفک جام کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے، ایمبولینس، سکیورٹی کی گاڑیاں، فائرفائٹنگ گاڑیاں پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

سیاح، بالخصوص فیملیز مری اورگلیات سفر سےگریز کریں، شیخ رشید

دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مری اورگلیات جانے والے سیاحوں سے اپیل کی کہ سیاح، بالخصوص فیملیز مری اورگلیات سفر سےگریز کریں۔

ان کا کہنا تھاکہ بڑھتے ہوئے رش کی وجہ سے سیاحوں کو مری اور گلیات کی طرف جانے سے عارضی طور پرروک دیا ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ مری اور گلیات کی طرف جانے والے سیاحوں کو 17 میل انٹرچینج سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں ہی شہریوں کو مری اور گلیات کی طرف سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا

مری میں سیاحوں کے رش اور ٹریفک جام کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا اور متعلقہ حکام کو مری آنے اور جانے والے راستوں کی بحالی کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر، سی پی او اور سی ٹی او راولپنڈی مری روانہ ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور اسسٹنٹ کمشنر مری کےدفتر میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :