Time 07 جنوری ، 2022
پاکستان

مری میں 50 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفان اور شدید برفباری کا امکان

سیاحتی مقام مری، گلیات اور آزاد کشمیر کیلئے شدید موسمی صورتحال کی وارننگ جاری کردی گئی۔

مری انتظامیہ کے مطابق مری اور گردونواح میں آج رات بارش اور برفانی طوفان کی پیشگوئی ہے، 50 سے 90کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفان اور شدید برفباری کاامکان ہے۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ شہری شدید موسم میں گھروں سے باہر نہ نکلیں، نہ ہی مری کا رخ کریں کیونکہ شدید موسمی صورتحال رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر مری عمر مقبول کا کہنا ہے کہ مری سے سیاحوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے جبکہ شد ید برفباری کا سلسلہ بھی جا ری ہے۔

اسلام آباد سے مری میں گاڑیوں کا داخلہ بند

دوسری جانب اسلام آباد سے مری میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  اسلام آباد سے مری گاڑیوں کا داخلہ اتوار کی رات 9 بجے تک بند رہے گا جبکہ مری میں برفباری اور ٹریفک جام کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایمبولینس، سکیورٹی گاڑیاں اور فائرفائٹنگ گاڑیاں پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

خیال رہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ نے رش کے باعث مری میں داخلے پر پابندی لگادی ہے۔

مزید خبریں :